لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز منی لانڈرنگ کیس میں احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران لیگی رہنماؤں کے وکلاء نے قومی احتساب بیورو کے گواہ سے سوالات کئے جبکہ استغاثہ نے غیر متعلقہ سوالات پوچھنے پر اعتراض اٹھایا۔
عدالت نے استغاثہ کے اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے وکلاء دفاع کو اپنے دلائل جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
اس سے قبل احتساب عدالت نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کو منی لانڈرنگ کے معاملے میں مجرم قرار دیا تھا،مسلسل عدم حاضری پر نصرت شہباز کو مفرور قرار دیا گیا تھا۔
11 نومبر کو احتساب عدالت نے میاں شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز شریف پرمنی لانڈرنگ ریفرنس میں فرد جرم عائد کی تھی۔
شہباز شریف نے نیب کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں سیاسی طور پر نشانہ بنایا جارہا ہے۔