کراچی : گجر نالے کے اطراف تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری، 22 کلو میٹر رقبہ سے تجاوزات ختم ، آج مزید 4 کلو میٹر سے تجاوزات ختم کی جائیں گی۔
گجر نالے کے اطراف قائم تجاوزات میں زیادہ تر غیر پختہ ہیں تاہم کئی مقامات پر پختہ تجاوزات بھی ہٹائی جا رہی ہیں ، پولیس اور رینجرز کی نفری بھی بڑی تعداد میں اس آپریشن میں معاونت کر تے ہوئے تحفظ فراہم کر رہی ہے ۔
اس حوالے سے سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات کے ایم سی بشیر صدیقی نے ایم ایم نیوز ٹی وی کو بتایا کہ سپریم کورٹ کےاحکامات اور ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کی ہدایت پر سینئر ڈائریکٹر لینڈ اینٹی انکروچمنٹ بشیر صدیقی کی سربراہی میں گجر نالہ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔
نالہ 26 کلو میٹر رقبہ پر محیط ہے، 22کلو میٹر سے زیادہ رقبہ کل کلیئر کرادیا تھا ،آج مزید 4 کلو میٹر پر قائم تجاوزات کا خاتمہ کر دیا جائے گا جس سے 26 کلو میٹر کا رقبہ مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ خاموش کالونی سے زیرو پوائنٹ حاجی مرید گوٹھ تک آپریشن مکمل کیا جائے گا۔
بشیر صدیقی نے بتایا کہ تجاوزات کے خاتمے کے دوران عوام نے بہت تعاون کیا ہے اور ان کے تعاون کے باعث کام تیز ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد نالے سے تجاوزات کے خاتمے کے بعد اس کی تعمیر کے حوالے سے منصوبہ بنائیں گے۔