لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم سینیٹ انتخابات میں خفیہ رائے شماری کی حمایت نہیں کرتی۔
تفصیلات کے مطابق داتا کی نگری لاہور میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ ایک نالائق کو بچانے کیلئے سارے حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کو توڑنے کی تاریخی کوشش ہوئی لیکن ن لیگ نہیں ٹوٹی۔
سینیٹ انتخابات 2018ء میں عوامی نمائندوں کی خریدوفروخت پر ویڈیو پر ردِ عمل دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ویڈیو بنانے اور پیسے لینے اور دینے والے حکمران خود ہیں۔ ایک نالائق اور نااہل کو بچانے کیلئے نظامِ انصاف کو جھونکا جا رہا ہے۔ جہاں عوام کی طاقت ہوگی، ن لیگ کو شکست دینا ناممکن ہے۔
وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حکمرانوں کی اصلیت عوام کے سامنے آگئی ہے۔ جب انہیں وقت مناسب لگا، انہوں نے ویڈیو عوام کے سامنے جاری کردی۔ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کے ساتھ جو ہورہا ہے، وہ سب کے سامنے ہے۔ پی ڈی ایم چاہتی ہے، جس کا ووٹ ہو، ڈبے سے وہی نکلے۔
ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ یہ نہیں کہوں گی کہ تبدیلی پسند آئی، حکومت کا بے نقاب ہونا ضروری تھا۔ پی ڈی ایم خفیہ رائے شماری کے خلاف نہیں لیکن منافقت کے خلاف ضروری ہے۔ ہم انصاف کے 2 نظاموں کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔ ہارس ٹریڈنگ روکنے کیلئے میثاقِ جمہوریت میں تمام جماعتیں متفق ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سینیٹ انتخابات کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ آگے بڑھا دی گئی
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








