کراچی: تحریک انصاف کے حلقہ 100سے منتخب ایم پی اے کریم گبول نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ میں پاکستان تحریک انصاف میں تھا، ہوں اور رہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے ساتھ انصافیاں ہوئی ہیں اور سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا عجیب جو صورتحال دیکھنے کو ملی، ہماری حکومت ڈھائی سال کے دوران عوام کو ڈیلیور نہیں کرسکی۔
کریم بخش گبول نے کہا کہ ابھی جو سینیٹ کے الیکشن ہورہے ہیں اس میں ایسے لوگوں کو سینیٹ کا ٹکٹ دیا گیا ہے، جن کے بارے میں سننے میں آیا ہے کہ انہوں نے پیسے دیکر یہ ٹکٹ خریدا ہے، یہ سب کچھ سننے کی حد تک ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ایسے لوگوں کو کبھی بھی ووٹ نہیں دوں گا جو پیسے دے کر سینیٹر بننے آئے ہیں، میں کم از کم اُن لوگوں سے مطمئن نہیں ہوں، انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستان کے آئین نے یہ حق دیا ہے کہ میں ایسے لوگوں کو ووٹ نہ دوں جو پیسے دے کر سینیٹر بننے آئے ہیں۔
آخر میں اُن کا کہنا تھا کہ میں جس سے مطمئن ہوں گا اسے ووٹ دوں گا، انہوں نے کہا کہ میں تحریک انصاف کا وفادار ہوں اور رہوں گا۔