اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے سابق صدر آصف علی زرداری سے کہا ہے کہ وہ گارنٹی دیں کہ میرے والد میاں محمد نواز شریف کی جان کو وطن واپسی پر کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔
حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا اتحاد سابق صدر آصف علی زرداری کے تہلکہ خیز بیان کے بعد کشمکش کا شکار ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے کہا کہ نواز شریف جنگ کے لئے تیار ہیں تو انہیں واپس آنا ہوگا، انہو ں نے کہا کہ میں نے پارلیمان کو اختیارات دیئے۔ اسمبلیوں کو چھوڑنا اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان کو مضبوط کرنے جیسا ہے۔
اس موقع پر مریم نواز شریف نے آصف زرداری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد صاحب کی جان کو خطرہ ہے، وہ وطن واپس کیسے آئیں؟انہوں نے کہا کہ اگر وہ پاکستان آئے تو ان کی زندگی خطرے میں پڑ جائے گی۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ آصف زرداری آصف زرداری گارنٹی دیں کہ میرے والد کی جان کو پاکستان میں خطرہ نہیں ہوگا۔آصف زرداری نے پی ڈی ایم اجلاس میں نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب! پلیز پاکستان تشریف لائیں۔