لاہور: عدالت نے پاکستان تحریکِ انصاف کے سینئر مرکزی رہنما جہانگیر ترین اور ان کے صاحبزادے علی ترین کی ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین اپنے صاحبزادے علی ترین، 6 اراکینِ قومی اسمبلی اور 20 سے زائد ایم پی ایز کے ہمراہ ایف آئی اے بینکنگ کورٹ لاہور پہنچے۔
عدالت میں حاضری کے موقعے پر جہانگیر ترین کے ہمراہ اراکینِ اسمبلی راجہ ریاض، سمیع گیلانی، مبین عالم اور خواجہ شیراز اور صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال، اجمل چیمہ اور اسلم بھروانہ بھی موجود تھے۔
دیگر اراکین جو جہانگیر ترین کے ہمراہ عدالت پہنچے ان میں خرم لغاری، عمر آفتاب، زوار بلوچ، نذیر بلوچ اور لالہ طاہر رندھاوا شامل ہیں۔ عدالت نے 3 مئی تک جہانگیر ترین اور علی ترین کی ضمانت میں توسیع کردی۔
اس موقعے پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ مجھ پر بے بنیاد الزامات لگا کر میری ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کی گئی۔ مجھے نہیں معلوم کہ میرے خلاف ایسا کون کر رہا ہے۔
گفتگو کے دوران جہانگیر ترین نے کہا کہ میرے خلاف 3 ایف آئی آرز میں چینی کی قیمت بڑھنے کا کوئی ذکر نہیں۔ راجہ ریاض نے کہا کہ وزیرِ اعظم سے آخری بار کہتے ہیں کہ انصاف کریں۔
راجہ ریاض نے کہا کہ ہم تحریکِ انصاف کی چھتری تلے وزیرِ اعظم سے انصاف مانگ رہے ہیں۔ اسحاق خاکوانی نے کہا کہ چند دن دے دیں، پھر سب کچھ سامنے لے آئیں گے۔ ہم کوئی ریلیف نہیں مانگ رہے، نہ ہی بلیک میل کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل عدالت نے پی ٹی آئی رہنما جہانگیر خان ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں 22اپریل تک توسیع کی تھی۔
پی ٹی آئی رہنما جہانگیر خان ترین 7 روز قبل اپنے بیٹے علی ترین کے ہمراہ چینی اسکینڈل کیس کی سماعت کیلئے ایف آئی اے بینکنگ کورٹ لاہور میں پیش ہوئے۔
مزید پڑھیں: عدالت نے جہانگیر ترین اور علی ترین کی ضمانت میں 22اپریل تک توسیع کردی
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








