اسلام آباد: حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں مئی کے آخر پر پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس بلانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید پر مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورت حال اور حکومتی کارکردگی پر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مئی کے اختتام پر پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس بلایا جائے گا جس میں حکومت کے خلاف حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان اس بات پر بھی اتفاق پایا گیا کہ مولانا فضل الرحمان جلد دیگر جماعتوں کے سربراہان سے رابطوں کے بعد پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کی حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے۔
واضح رہے کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کی سربراہی مولانا فضل الرحمان کررہے ہیں، اسمبلیوں سے استعفوں کے معاملے پر اختلاف پیدا ہونے کے سبب پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی نے اس اتحاد میں اپنے عہدے چھوڑ دیئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : حکومتی اقدامات کے باعث مجموعی اقتصادی صورتحال بہتر ہورہی ہے، میاں زاہد حسین
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








