کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ سندھ بھر کے تمام نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل موجودہ کورونا وائرس کی خطرناک صورتحال کے پیش نظر آئندہ احکامات تک معطل رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرتعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل کی معطلی کے دوران ہیڈ ماسٹرز اور تدریسی عملہ 50 فیصد کی حاضری کے احکامات کے تحت آسکیں گے۔
سعید غنی کا کہنا ہے کہ اس دوران آن لائن کلاسز کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ بچوں کو آن لائن کلاسز کے ساتھ ساتھ ہوم ورک کے لئے مائکروسافٹ، ای میل، واٹس اپ سمیت دیگر متبادل ذرائع سے تعلیمی عمل ہر ممکن جاری رکھا جائے۔
وزیر تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے جاری کردہ سلیبس کے تحت اپنا کورس مکمل کرائیں۔ صوبے بھرمیں تمام تعلیمی ادارے مزید دوہفتے تک بند رہیں گے ، 24 مئی سے سندھ میں اسکول نہیں کھل رہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کاروباری اوقات کار میں بھی 2 گھنٹے کمی کرکے شام 6 بجے تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کورونا کیسز میں ریکارڈ اضافے کے باعث یہ فیصلہ کیا گیاہے، نوٹی فکیشن آج جاری کر دیا جائے گا۔ کراچی میں کورونا کیسز کی شرح 13.60 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔31 مارچ تک سندھ میں کیسز کم تھے۔
یہ بھی پڑھیں : میڈیا اخلاقیات ، جھوٹ اور دھوکہ دہی
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








