عمران خان نے چوہدری نثار کو ملاقات کیلئے بلالیا ،وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کا امکان

تازہ ترین

تازہ ترین

Nisar may become next Punjab CM

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ن لیگ کے نامناسب رویئے کے بعد مسلم لیگ ن کے ناراض رہنماء چوہدری نثار علی خان کو ملاقات کیلئے بلالیا ، لیگی رہنماء کی پی ٹی آئی میں شمولیت اور وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کا امکان پیدا ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور چوہدری نثار علی خان کی ملاقات کی دونوں کی خواہش پر ہورہی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے چوہدری نثار کی پارٹی میں دوبارہ شمولیت سے انکار پر چوہدری نثار نے اپنے دیرینہ دوست عمران خان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا جس پر عمران خان نے بھرپور خیرمقدم کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان عثمان بزدار کے حوالے سے شدید پریشانی کا شکار ہیں اور قوی امید ہے کہ پنجاب میں چوہدری نثار کو وزارت اعلیٰ یا اہم حکومتی ذمہ داریاں سونپی جاسکتی ہیں۔

مزید پڑھیں: چوہدری نثار کی حلف برداری اور تبدیلی کی ہوائیں، کیا حکومت کا تختہ الٹنے والا ہے؟

باخبر ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ بھی عثمان بزدار سے نالاں ہے جبکہ اتحادیوں کی جانب سے بھی وزیراعلیٰ پر اعتماد کم ہورہا ہے جس کے باعث عمران خان کسی مضبوط سیاسی شخصیت کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا منصب سونپ سکتے ہیں اور چوہدری نثار اس کیلئے سب سے موزوں انتخاب ہوسکتے ہیں۔

دوسری جانب حلف اُٹھانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میرے حلقے کے لوگوں سے پوچھیں ان کی نمائندگی کررہا ہوں یا نہیں۔ میں کسی سیاسی کھیل کا حصہ نہیں ہوں، عمران خان کو مشورہ ہے ٹھنڈا کرکے کھائیں۔ عمران خان کے بہت دوست ہیں ان کو میرے مشورے کی ضرورت نہیں البتہ ملک کو مفاہمت کی ضرورت ہے۔

چوہدری نثار نے مزید کہا تھا کہ حکومت کے ایک خودساختہ آرڈیننس کے باعث حلف لینے کا فیصلہ کیا، گزشتہ الیکشن میں صوبائی اسمبلی سے 34 ہزار سے زائد ووٹوں کی لیڈ سے منتخب ہوا جبکہ قومی اسمبلی کی نشست پر مجھے ناکام کیا گیا۔

واضح رہے کہ سینئر سیاستدا ن وسابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے 2سال 10ماہ بعد پنجاب اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھا لیاہے،چوہدری نثار علی خان 2018ء میں ہونے والے عام انتخابات میں راولپنڈی کے حلقہ پی پی 10سے آزاد حیثیت میں رکنی اسمبلی منتخب ہوئے تھے ۔

Related Posts