کراچی: وزیر اوقاف سندھ سہیل انور سیال کے حکم پر تمام آئمہ و خطبائے کرام کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کل نماز جمعہ کے خطبات اور نماز کے بعد ملک بھر میں عموماً اور صوبہ سندھ میں خصوصا ًپانی کی شدید قلت کے خاتمے کیلئے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی گئی ہے۔
سہیل انور سیال نے اپیل کی ہے کہ علمائے کرام جمعہ کے اجتماعات میں پانی کے حوالے خصوصی بیان کریں۔اور دعا کریں کہ اللہ پاک اپنے فضل وکرم سے ملک سمیت صوبہ سندھ میں پانی کا شدید قلت کا جو بحران پیدا ہو گیا ہے۔ اس کا جلد از جلد خاتمہ فرمائے اور خوش حالی پیدا فرما دے۔ آمین
علاوہ ازیں تمام منیجرز اوقاف کو ہدیت کی گئی ہے کہ صوبہ سندھ میں واقع تمام مزارات پر بھی اس سلسلے میں دعاؤں کا خاص اہتمام اپنی نگرانی میں کرائیں۔ دعائیہ تقریبات میں SOPs کا خاص خیال رکھا جائے۔
واضح رہے کہ صوبہ سندھ میں ان دنوں پانی کی قلت کا سامنا ہے، جس کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں عوام کی جانب سے پانی کی قلت کے خلاف احتجاج بھی ریکارڈ کرایا گیا ہے۔