اسلام آباد: ملک بھر سے آئے ہوئے سمندر پار پاکستانیوں نے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کیا اور ووٹ کا حق دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں نے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے دوران ایم ایم نیوز سے خصوصی گفتگو کی۔ اوور سیز پاکستانی فورم کے چیئرمین شاہد رضا رانجھا نے کہا کہ ہم کثیر مقدار میں زرِ مبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں اور ہمیں ووٹ کے حق سے محروم رکھا جارہا ہے۔
گفتگو کے دوران چیئرمین اوورسیز پاکستانی فورم نے کہا کہ تحریکِ انصاف کی حکومت ہمیں ووٹ دینے کا حق دینا چاہتی ہے۔ن لیگی رہنما احسن اقبال اس کے مخالف ہیں جو حقِ رائے دہی سے متعلق بل منظور ہونے سے روک رہے ہیں۔ جب یہ لوگ اقتدار میں نہیں ہوتے تو ہمارے قریب آ کر امریکا، اٹلی یا اسپین میں رہتے ہیں۔
چیئرمین شاہد رضا رانجھا نے کہا کہ ہم ان سیاستدانوں کے اخراجات برداشت کرتے ہیں لیکن آج یہ ہمیں آنکھیں دکھا رہے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں نے اپنے علاقوں میں 500 افراد کو روزگار مہیا کیا۔ فلٹریشن پلانٹ لگوا کردئیے اور لنگر خانے قائم کیے۔ ہم کسی سے کچھ نہیں لیتے بلکہ دینے والے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہمیں ہمارا حق دیا جائے۔ ووٹ قوم کی مقدس امانت ہے۔ ہر پاکستانی کو ووٹ کاسٹ کرنے کا حق ہے جو ہمیں دیا جانا چاہئے۔ ہم کسی پارٹی کے خلاف نہیں۔ وزیرِ اعظم عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ووٹ کا حق دینے کے راستے میں آنے والی ہر رکاوٹ دور کریں، مخالفت کرنے والوں کو الیکشن میں جیتنے نہیں دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق سینیٹر عثمان کاکڑ کی میت کوئٹہ پہنچ گئی، شہر بھر میں آج شٹرڈاؤن ہڑتال
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








