اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے(سی ڈی اے ) کی انتظامیہ نے زون فور کے مضافاتی علاقے ملوٹ سیداں میں واقع نجی ہاوسنگ اسکیم اسلام آباد ماڈل ٹاؤن میں گھروں کی تعمیرات سمیت ہرقسم کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جس زمین پر ایل او پی لیا گیا وہ زمین کسی اور ہاوسنگ سوسائٹی کو بھی بیچی جاسکتی ہے۔ سی ڈی اے کے شعبہ پلاننگ و ڈیزائن کی جانب سے گزشتہ روز لکھے گئے مراسلے میں نجی ہاوسنگ اسکیم کو متنبہ کیا گیا ہے کہ کمپنی نے اکتوبر 2019 میں 404 کینال اراضی پر اسلام آباد ماڈل ٹاون کے نام سے اسکیم کا مشروط طور پر لے آوٹ پلان منظور کروایا۔
سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ 19 ماہ گزرنے کے باوجود اسکیم کے مطلوبہ دستاویزات جمع کروائی نہ ہی این او سی حاصل کیا بلکہ زوننگ ریگولیشنز 1992 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مذکورہ اسکیم میں پلاٹس فروخت کئے اور پلاٹس پر گھروں کی تعمیرات شروع کروا دی ہیں۔ سی ڈی اے نے سکیم کو غیرقانونی قرار دے کر اس میں ہر قسم کی تعمیرات اور دیگر سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔