اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کا یومِ شہادت اور یومِ عاشور نہایت عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی شہادت امت کیلئے عظیم درس ہے۔
تفصیلات کے مطابق یومِ عاشور کے موقعے پر اپنے پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ شہادتِ امام حسین رضی اللہ عنہ امتِ مسلمہ کیلئے عظیم سبق اور رہتی دنیا تک کیلئے عزم و استقلال کی روشن مثال ہے۔
یومِ عاشور کے موقعے پر عالمی وباء سے بچاؤ کے متعلق صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے ہم سب کو احتیاط کی ضرورت ہے۔ عاشور کے اجتماعات میں وائرس سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
قوم کے نام پیغام میں صدرِ مملکت نے مزید کہا کہ یومِ عاشور نہایت عظمت اور احترام کا حامل دن ہے۔ امام حسین رضی اللہ عنہ نے اہلِ بیت اور دیگر جانثار ساتھیوں کے ہمراہ بے سروسامانی کے عالم میں ظلم و استبداد کی قوتوں کو للکارا۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ امام حسین رضی اللہ عنہ اور اہلِ بیت نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اسلام کو نئی زندگی بخشی۔ آج اسلام انہی قربانیوں کی بنیاد پر زندہ ہے۔ ہمیں اپنے اندر نظم و ضبط اور ایثار کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو باہمی نفرتوں، کدورتوں اور گروہ بندیوں سے اجتناب کرنا ہے۔ ہمیں اپنے دین، ملت اور ملک کیلئے خود کو ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار کرنا ہے۔ کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسین لگوا کر خود کو اور دوسروں کو بچائیں۔

خیال رہے کہ آج عاشورۂ محرم کے موقعے پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کا یومِ شہادت منایا جارہا ہے۔ یہی وہ دن ہے جب امام حسین رضی اللہ عنہ نے اہلِ بیت کے ہمراہ میدانِ کربلا میں جامِ شہادت نوش کیا۔
ہر اسلامی سال کے پہلے مہینے محرم الحرام کی 10 تاریخ کو یومِ عاشور کے موقعے پر جلسے جلوس، ریلیوں اور تعزیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ علمائے کرام اور ذاکرین حضرت امام حسین کی شہادت کا فلسفہ بیان کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان سمیت دنیا بھر میں حضرت امام حسین کا یومِ شہادت آج منایا جارہا ہے
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








