کراچی: جامعہ کراچی اور آئی کیو گروپ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔ مفاہمتی یاداشت کے مطابق نئے کاروباری منصوبوں کو ترقی دینے کے لئے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
جامعہ کراچی اور آئی کیو گروپ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب پیر کے روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور آئی کیو گروپ کے سید شاہنواز رضوی اور آصف حیدر مرزا نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔
مفاہمتی یادداشت کے مطابق آئی کیو گروپ کراچی یونیورسٹی بزنس انکیوبیشن سینٹر کے ساتھ ملکر طلباء کے آئیڈیاز کو عصرحاضر کے جدید تقاضوں سے ہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی مارکیٹ تک رسائی کویقینی بنانے اور نئے کاروباری منصوبوں کو ترقی دینے کے لئے عملی اقدامات کریں گے۔
آفس ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی اور آئی کیو گروپ، مختلف منصوبوں کی تحقیق اور ترقی کے لیے کمپنیوں سے رابطہ کریں گے۔ آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن اور آئی کیو گروپ پہلے مرحلے میں ادویہ سازی کی صنعتوں تک رسائی اور پھر مرحلہ وار دیگر صنعتوں تک رسائی حاصل کریں گے۔