ختمِ نبوت ﷺ کا حلف نکاح نامے میں شامل کرنے کی قرارداد منظور

تازہ ترین

تازہ ترین

ختمِ نبوت ﷺ کا حلف نکاح نامے میں شامل کرنے کی قرارداد منظور
ختمِ نبوت ﷺ کا حلف نکاح نامے میں شامل کرنے کی قرارداد منظور

لاہور: صوبہ پنجاب کی قانون ساز اسمبلی نے حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ  کے آخری نبی ہونے کا اقرار نامہ (حلفِ ختمِ نبوت ﷺ) ہر مسلمان جوڑے کے نکاح نامے میں شامل کرنے کی قرارداد کو منظور کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس کم و بیش 2 گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا جس کے دوران ختمِ نبوت کا حلف نامہ نکاح نامے میں شامل کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:

حکومت عقیدہ ختم نبوت کی محافظ ہے۔فیاض الحسن چوہان

ملتان کی دینی بہاریں، ختم نبوت ﷺکانفرنس،مدارس کنونشن اور افتتاح مسجد

نبوت کی دعویدارخاتون اسکول پرنسپل کو سزائے موت سنا دی گئی

پنجاب اسمبلی کی کارروائی کو لیگی رکنِ اسمبلی نشاط احمد ڈابا کے انتقال کے باعث مختصر کردیا گیا۔ ختمِ نبوت ﷺ کا حلف نامہ نکاح نامے میں شامل کرنے کی قرارداد ق لیگ اور ن لیگ نے پیش کی۔

ق لیگی اراکینِ اسمبلی بسمہ چوہدری، خدیجہ عمر اور ن لیگی رکن مولانا الیاس چنیوٹی نے مشترکہ طور پر دینی اغراض و مقاصد کے تحت قرارداد پیش کی جس کے حق میں متعدد اراکین نے ووٹ دئیے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کی زیر صدارت اجلاس کے دوران راشد لطیف یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف لاہور کے علاوہ دیگر ترمیمی بلز زیر غور آئے جنہیں متعلقہ کمیٹیوں کے سپرد کردیا گیا۔ 

خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب کے صوبائی وزیر فیاض چوہان نے کہا  کہ موجودہ حکومت عقیدۂ ختم نبوت کی محافظ ہے، کوئی مائی کا لال پاکستان میں ختم نبوت کے قوانین ختم کرنے کی جرات نہیں کر سکتا۔

آج سے 8 ماہ قبل فیاض چوہان نے لاہور میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ سمیت ہر علاقائی و عالمی فورم پر ناموس رسالت کے لیے آواز اٹھانے والے واحد حکمران ہیں۔

Related Posts