حافظ نعیم کا پٹرولیم لیوی ختم ہونے تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے مہنگے پیٹرول اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاجی دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر پیٹرول کی قیمتوں میں کمی نہ کی گئی تو احتجاج ملک بھر میں پھیلا دیا جائے گا۔

لاہور میں جاری احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ چند گھنٹوں بعد وہ دوبارہ کارکنوں سے خطاب کریں گے، تاہم وزیراعظم شہباز شریف سن لیں کہ جماعت اسلامی بریفنگ لینے اسلام آباد نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا گلی محلوں میں بھی جاری رہے گا اور ملک گیر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سے صرف ایک مطالبہ ہے کہ پیٹرول کی قیمت کم کی جائے، بصورت دیگر لاہور سے شروع ہونے والا احتجاج پورے پاکستان تک پھیل جائے گا۔ ان کے بقول حکومت آئی ایم ایف کے دباؤ کو جواز بنا کر عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال رہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، والدین بچوں کی فیس ادا کرنے سے قاصر ہیں جبکہ مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مراعات یافتہ طبقہ عوام کا استحصال کر رہا ہے جبکہ حکمران عوام کے مسائل سے بے خبر ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت پیٹرول کی قیمتوں کے ساتھ ساتھ پیٹرولیم لیوی میں بھی اضافہ کر رہی ہے، جبکہ جاگیرداروں اور بااثر طبقے سے مناسب ٹیکس وصول نہیں کیا جاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ غریب عوام سے سینکڑوں ارب روپے ٹیکس وصول کیے جا رہے ہیں جبکہ اشرافیہ کو رعایتیں دی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکمران اپنی مراعات ختم کرنے کے بجائے عوام پر مزید بوجھ ڈال رہے ہیں، صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات بھی عام شہری کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں۔ حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ جب تک حکومت عوامی مطالبات تسلیم نہیں کرتی، جماعت اسلامی کا احتجاج اور دھرنا جاری رہے گا۔

Related Posts