کامی کلارک، جو سیلیکون ویلی کی ایک کاروباری شخصیت ہیں اور مصنوعی ذہانت کی معروف کمپنی اینتھروپک (Anthropic) کے چیف ایگزیکٹو ڈاریو امودی (Dario Amodei) کی اہلیہ اور غیر رسمی مشیر کے طور پر جانی جاتی ہیں، حالیہ دنوں میں بدنام زمانہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین (Jeffrey Epstein) سے مبینہ تعلقات کے باعث خبروں میں ہیں۔
دی وال اسٹریٹ جرنل کی ایک تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق، کامی کلارک اور جیفری ایپسٹین کے درمیان 2011 اور 2012 میں کاروباری نوعیت کے روابط موجود تھے، جب کلارک اور ڈاریو امودی کی ابھی ملاقات بھی نہیں ہوئی تھی۔ رپورٹ میں دونوں کے درمیان ای میلز کے تبادلے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کامی کلارک اور ان کی کاروباری شراکت دار مشیل کیپوسیفالو (Michelle Capocefalo) خواتین کے لیے ایک بالغ مواد (Adult Content) پر مبنی کمپنی “ایڈائس” (Edice) قائم کر رہی تھیں، جسے وہ خواتین کے لیے “اعلیٰ معیار” یا “لگژری” مواد فراہم کرنے والا پلیٹ فارم قرار دیتی تھیں۔
تحقیق کے مطابق کامی کلارک کی ملاقات ادبی ایجنٹ جان بروک مین (John Brockman) نے جیفری ایپسٹین سے کرائی، جب وہ اپنے اس منصوبے کے لیے سرمایہ کار تلاش کر رہی تھیں۔ بعد ازاں انہوں نے ایپسٹین کو سرمایہ کاری کی پیشکش بھیجی، مجوزہ فلموں کا مواد فراہم کیا اور انہیں اپنے نئے گھر کی تقریب میں بھی مدعو کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جیفری ایپسٹین نے اس منصوبے میں سرمایہ کاری سے انکار کرتے ہوئے جواب دیا تھا، “میں سیکس ٹی وی میں سرمایہ کاری نہیں کر سکتا۔” تاہم رپورٹ کے مطابق اس بات کا کوئی ثبوت موجود نہیں کہ ایپسٹین نے کامی کلارک کے کسی کاروبار میں سرمایہ کاری کی ہو۔
کامی کلارک کون ہیں؟
کامی کلارک اگرچہ اینتھروپک میں کوئی سرکاری عہدہ نہیں رکھتیں، تاہم انہیں اپنے شوہر ڈاریو امودی کی ایک اہم غیر رسمی مشیر اور قابلِ اعتماد رائے دینے والی شخصیت سمجھا جاتا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب کمپنی تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور ممکنہ ابتدائی عوامی شیئر فروخت (IPO) کی تیاریوں میں مصروف ہے۔
کامی کلارک کا پیشہ ورانہ پس منظر منفرد رہا ہے۔ انہوں نے رئیل اسٹیٹ، ٹیکنالوجی سیلز اور خواتین پر مرکوز اسٹارٹ اپس سمیت مختلف شعبوں میں کام کیا۔
2022 میں ڈاریو امودی سے شادی سے قبل وہ گوگل کے سابق چیف ایگزیکٹو ایرک شمٹ (Eric Schmidt) کے ساتھ تعلقات میں رہ چکی تھیں، جنہوں نے بعد میں ان کے ایک کاروباری منصوبے میں سرمایہ کاری بھی کی۔
کامی کلارک اور ڈاریو امودی کی ملاقات 2014 میں ہوئی، جب امودی ایک محقق (Researcher) تھے، اور دونوں نے 2022 میں شادی کر لی۔
ٹیکنالوجی کے شعبے میں کامی کلارک نے “لیپ موشن” (Leap Motion) نامی معروف اسٹارٹ اپ میں بطور ہیڈ آف ریونیو خدمات انجام دیں۔ یہ کمپنی ہاتھوں کی حرکات اور اشاروں کو شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی تیار کرتی تھی، جسے 2019 میں الٹرا لیپ (Ultraleap) نے خرید لیا۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ لیپ موشن میں کامی کلارک نے اوپن اے آئی (OpenAI) کی مستقبل کی اعلیٰ قیادت، جن میں میرا موراتی (Mira Murati) بھی شامل ہیں، کے ساتھ بھی کام کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








