قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپنر صاحبزادہ فرحان نے آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بیٹرز رینکنگ میں شاندار ترقی کرتے ہوئے بھارتی بیٹر ابھیشیک شرما کو پیچھے چھوڑ دیا اور دوسری پوزیشن اپنے نام کر لی۔
تفصیلات کے مطابق بھارت نے زمبابوے کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کرتے ہوئے 0-3 سے فتح سمیٹی، جس کے بعد آئی سی سی کی نئی رینکنگ جاری کی گئی جس میں کئی نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں۔
تازہ رینکنگ کے مطابق صاحبزادہ فرحان 848 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ 819 پوائنٹس کے حامل بھارتی بلے باز ابھیشیک شرما ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے۔ دوسری جانب بھارت کے ایشان کشن 910 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔
پاکستانی بلے بازوں میں صائم ایوب 560 پوائنٹس کے ساتھ 41ویں، سابق کپتان بابر اعظم 555 پوائنٹس کے ساتھ 43ویں، جبکہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا 547 پوائنٹس کے ساتھ 45ویں نمبر پر برقرار ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں پاکستان کے اسپنر ابرار احمد 736 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر قائم ہیں، جبکہ افغانستان کے راشد خان بدستور پہلے اور انگلینڈ کے عادل رشید تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
دیگر پاکستانی بولرز میں محمد نواز دسویں نمبر پر برقرار ہیں، فاسٹ بولر سلمان مرزا ایک درجہ بہتری کے بعد 15ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی بھی ایک درجہ ترقی کے ساتھ 30ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








