بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں 17 سالہ نوجوان کرکٹر ادیتی موریشور چوکانڈے نے کرکٹ ٹیم میں سلیکشن نہ ہونے کے بعد مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ادیتی موریشور چوکانڈے ناگپور کی ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کی ٹیم میں جگہ بنانے کی کوشش کر رہی تھیں، تاہم سلیکشن نہ ہونے کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئیں۔
رپورٹس کے مطابق ادیتی گزشتہ 2 سال سے سخت محنت اور ٹریننگ کر رہی تھیں تاکہ ودربھ کرکٹ ایسوسی ایشن کی ٹیم میں منتخب ہو سکیں اور کرکٹ کے میدان میں اپنا نام بنا سکیں۔
ادیتی کا تعلق مہاراشٹر کے شہر اکولا سے تھا۔ وہ اپنی والدہ کے ہمراہ کرکٹ میں کیریئر بنانے کے لیے ناگپور منتقل ہوئی تھیں، جہاں وہ لکشمی نگر کے علاقے میں رہائش پذیر تھیں اور سرو کرکٹ اکیڈمی میں اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے تربیت حاصل کر رہی تھیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران ایک نوٹ بھی برآمد ہوا ہے، جس میں نوجوان کرکٹر نے اپنی پریشانی اور تکلیف کا ذکر کیا ہے۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا ہے، جبکہ موت کی اصل وجہ رپورٹ آنے کے بعد واضح ہو گی۔
ادیتی کا بھائی بھی کرکٹ سے وابستہ ہے۔ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








