سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اگر راولپنڈی میں حالات خراب ہوئے تو ذمہ دار حکومت اور انتظامیہ ہوگی۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ راولپنڈی کے حالات جان بوجھ کے خراب کیے جارہے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ رات کے 3 بجے عمران خان کے پوسٹرز اور بینرز اتارے اور اس کی جگہ اخلاق سے گرے ہوئے پوسٹرز لگائے گئے۔ صبح 5 بجے ہم نے وہ پوسٹرز اتارے اور 3 افراد کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔
شیخ رشید نے کہا کہ راولپنڈی میں 50 سال سے سیاست کر رہے ہیں کبھی بھی ایسا نہیں ہوا ہے، راولپنڈی کے حالات جان بوجھ کر خراب کیے جا رہے ہیں اور انتظامیہ اور پولیس بھی ان کے ساتھ ملی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں مقتدر حلقوں سے کہتا ہوں عمران خان کے بارے میں پوسٹرز بانٹنے کی تحقیقات کی جائیں کیونکہ یہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ منظم منصوبے کے تحت ہو رہا ہے۔