ریپ سے متعلق انتہائی نامناسب گفتگو، نبیل گبول پارٹی رہنماؤں کی تنقید کی زد میں

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق رُکن صوبائی و قومی اسمبلی نبیل گبول کی جانب سے پوڈ کاسٹ شوز میں خواتین کے بارے میں غیر اخلاقی گفتگو کی اُن کی پارٹی نے شدید مذمت کی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نبیل گبول کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ معروف پوڈ کاسٹ ہوسٹ شہزاد غیاث کے شو میں خواتین کے بارے میں نازیبا خیالات کا اظہار کررہے ہیں۔

ویڈیو میں نبیل گبول کو ریپ جیسے سنگین مسئلے کا مذاق اڑاتے اور متاثرہ خواتین کو ریپ سے محظوظ ہونے جیسی نازیبا گفتگو کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

اُن کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہورہی ہے اور اُس پر شدید ردعمل دیکھنے میں آرہا ہے، پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے بھی اس کی سخت مذمت کی جارہی ہے۔

ٹوئٹر پر منیب قادر نے نبیل گبول کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کیا کوئی مجھے اس سیاست دان کا نام بتاسکتا ہے جس کا انٹرویو ہو رہا ہے۔ اس کا تعلق پی پی پی سے ہے۔ اس نے کہا ہے کہ جب ریپ روکنا ممکن نہ ہو تو اس سے محظوظ ہو۔ کتنی شرمناک سوچ ہے۔ اگر ایسے لوگ ہماری پالیسی بنانے لگ جائیں تو ریپ کو جرم ہی نہ سمجھا جائے۔ ایسے گندے بیانات پہلے کبھی نہیں سنے۔

نبیل گبول کی اس ویڈیو پر نگہت داد نے کہا کہ نبیل گبول جیسے سیاست دانوں سے ریپ پر مذاق سن کر شدید دکھ ہوا۔ ایسا رویہ نہ صرف غیر حساس اور جارحانہ ہے بلکہ یہ خطرناک اور نقصان دہ جنسی تشدد کی طرف بھی ابھارتا ہے۔

اس ویڈیو کے علاوہ نبیل گبول کی مشہور پوڈ کاسٹر نادر علی کے ساتھ بھی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں وہ دونوں گزشتہ برس سوشل میڈیا پر ’میرا دل یہ پکارے آ جا‘ گانے پر ڈانس سے وائرل ہونے والی لڑکی عائشہ کا بھی مذاق اُڑا رہے ہیں۔

ویڈیو میں نبیل گبول نادر علی سے اس لڑکی کا پتا پوچھتے ہیں اور نمبر مانگتے ہیں اور مذاق کرتے ہیں، جس پر نادر علی انہیں یقین دلاتے ہیں کہ وہ انہیں نمبر دیں گے۔

اس حوالے سے خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم تنظیم عورت مارچ نے بھی مذمتی ٹویٹس کی ہیں۔

عورت مارچ لاہور کے ہینڈل کے مطابق نبیل گبول کی جانب سے ریپ پر لطیفے بنانے اور خواتین سیاست دانوں پر جنسی تبصرے انہیں کسی بھی عہدے کے لیے نااہل کرتے ہیں، لیکن اس کے باوجود وہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں رہ چکے ہیں اور ایک مقبول پارٹی کے رُکن ہیں۔

Related Posts