لاہور: سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اتحاد کی حکومت فوج اور عوام کے مابین جنگ کرانا چاہتی ہے، جب جناح ہاؤس پر حملہ ہوا، یہ لوگ تماشا دیکھ رہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے کہا کہ جناح ہاؤس پر حملے کے وقت پنجاب پولیس اور آئی جی کہاں تھے؟کیا پولیس تماشا دیکھ رہی تھی؟
بدعنوانی، نیب راولپنڈی نے عمران خان کو کل طلب کر لیا
بیان میں پی ٹی آئی رہنما پرویز الٰہی نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت نے جانتے بوجھتے سرکاری و عسکری تنصیبات کو محفوظ کرنے یا بچانے کی کوشش نہیں کی۔ شفاف انکوائری ہونی چاہئے۔
سابق وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اگر صاف و شفاف تحقیقات ہوتی ہیں تو 9 مئی کے واقعات میں پی ڈی ایم حکومت کا خفیہ ہاتھ سامنے آجائے گا۔
چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان عوام کو ٹھنڈا کرنے جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف آگ بھڑکانے میں لگے ہوئے ہیں۔ پی ڈی ایم چاہتی ہے فوج اور عوام میں جنگ ہوجائے۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ قومی اسمبلی میں ماما جی کی عدالت لگا کر کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ نہ وہاں حزبِ اختلاف ہے اور نہ ہی اراکینِ اسمبلی مکمل تعداد میں پائے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے سپریم کورٹ کے سامنے مسلح جتھے جمع کیے، اس طرح پی ڈی ایم نے اپنا گھناؤنا چہرہ بے نقاب کردیا۔ سپریم کورٹ کو چاہئے کہ توہینِ عدالت کی کارروائی کرے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








