لاڑکانہ:جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے نرالی منطق بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کو موت کے بعد میوزیم میں رکھنا چاہئے۔
سندھ کے شہر لاڑکانہ میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ بھارت میں نریندر مودی کو وزیر اعظم بنا دیا گیا، پاکستان میں عمران خان اور تحریکِ انصاف جبکہ امریکا میں ٹرمپ حکمران بنے۔
گفتگو کے دوران جے یو آئی (ف) رہنما مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جموں و کشمیر مقبوضہ اس لیے ہوا کیونکہ ہمارے حکمرانوں نے کمزوری دکھائی۔ کشمیر پر قبضہ ہماری کمزوری کے باعث ہوا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ عمران خان اور ٹرمپ کو مرنے کے بعد میوزیم میں رکھنا بہتر ہوگا۔ جب پاکستانی معیشت نسبتاً مضبوط تھی تب بھارت میں اٹل بہاری واجپائی حکمران تھے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ نے کہا کہ اٹل بہاری واجپائی پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط بحال کرنا چاہتے تھے لیکن آج وہ صورتحال نہیں ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ضرور ہے لیکن نریندر مودی حکمران ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر فواد چوہدری نے وزیراعظم عمران خان سے حکومت کے خلاف ’’سازش‘‘ کرنے پرمولانا فضل الرحمان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان سے 15 روز قبل وفاقی وزیر فواد چوہدری کی ملاقات ہوئی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال سمیت مولانا فضل الرحمان کی جانب سے دھرنے میں یقین دہانیوں سے متعلق بیان کا جائزہ لیا گیا۔
مزید پڑھیں: فواد چوہدری کا فضل الرحمان پر غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








