اسلام آباد: وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلاول زرداری کے حضور جاتے ہی مراد علی شاہ کا رویہ تبدیل ہو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ کی مثال اس خاتون جیسی ہے جو ایک ہی ایشو پر سسرال میں ایک، میکے میں چالاکی اور ہوشیاری سے دوسری بات کرتی ہے،مراد علی شاہ ای سی سی اور قومی رابطہ کمیٹی میٹنگز میں حکومت کے ساتھ کچھ اور طے کر کے جاتے ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ گزشتہ دس سال سے مراد علی شاہ، آصف اور بلاول زرداری کی اٹھارویں ترمیم کے حق میں غزلیں سنتے عوام کے کان پک گئے۔ ان کے بقول اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبے تعلیم، صحت، صنعت و تجارت کے فیصلوں میں خود مختار ہیں۔
اب کرونا وائرس کے حوالے سے کرپشن سامنے آنے پر وفاق کے پیچھے چھپنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں،مولانا فضل الرحمان سیاسی منظرنامے سے گدھے کے سر سے سینگ کی طرح غائب تھے۔
اب کرونا وبا کے 4 مہینے بعد انہیں وفاق اور وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرنے اور اے پی سی بلانے کا خیال آیا ہے، مولانا فضل الرحمان کے پی کے اور بلوچستان کے سادہ لوح لوگوں کو سہانے خواب دکھا کے ووٹ لیتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے قوم سے لوٹے اربوں روپے سے ایک آنا کرونا مخالف اقدامات پر نہیں لگایا، مولانا بتائیں، اپنی ذاتی جیب اور پارٹی کے ذریعے کرونا کے خلاف اب تک کیا حصہ ڈالا ہے۔