کراچی:ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سندھ حکومت کے بجٹ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے مشکل ترین حالات میں ایک عوام دوست اور متوازن بجٹ پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے بجٹ میں صحت کے شعبے پر خاص توجہ دی گئی ہے۔ کورونا کی ٹیسٹنگ کی استعداد بڑھانے کے لئے اسکیمیں تجویز کی گئی ہیں،انہوں نے کہا کہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا ہے اور سندھ حکومت نے ٹیکس فری بجٹ پیش کیا ہے۔
اس بجٹ میں ہمارا بنیادی مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم اور سماجی شعبے کو فوکس کیا گیا ہے اس کے علاو ہ صوبے کے سرکاری ملازمین کے لئے بڑی خوشخبری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی حالات میں بھی پیپلز پارٹی کی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا ہے جس میں گریڈ ایک تا سولہ کے ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد اور گریڈ سترہ سے اکیس کے افسران کی تنخواہوں میں پانچ فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
اس اضافے کا اطلاق صوبائی وزراء اور کابینہ کے دیگر ارکان اور ارکان اسمبلی پر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود کراچی کے لئے نئی ترقیاتی اسکیمیں رکھی گئی ہیں،تاہم مجموعی ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کی گئی ہے۔