کراچی:پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی نصرت واحد نے کہا ہے کہ بی این پی مینگل کے تحفظات دور کردیئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ سردار اختر مینگل حکومت کے اہم اتحادی ہیں بلوچستان کے مسائل حل کئے جائیں گے۔
نصرت واحد نے مزید کہا ہے کہ مسلم لیگ ق،ایم کیو ایم پاکستان،بی این پی مینگل سمیت تمام اتحادیوں نے مشکل وقت میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیا ہے،پی ٹی آئی کی حکومت اتحادی جماعتوں کا احترام کرتی ہے اور ان کو درپیش مسائل حل کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کیلئے جلد میگا پیکج کا اعلان کیا جائیگا،صوبے میں صحت و تعلیم،یونیورسٹی،اسکولوں سڑکوں و شاہراہوں کی تعمیر و مرمت کیلئے منصوبے جلد حتمی شکل کو پہنچیں گے۔
رکن قومی اسمبلی نصرت واحد کا کہنا تھا کہ صوبے میں بنیادی مسئلہ بیروزگاری اور غربت کا ہے،جس کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ،سی پیک کے منصوبوں کی تکمیل کے بعد کافی حد تک بے روزگاری کا مسئلہ حل ہوجائیگا سرکاری اداروں میں بلوچستان کے نوجوانوں کی بھرتی کو ترجیح دی جاتی ہے،تمام اداروں میں مزید نوکریوں کے ذرائع فراہم کئے جائیں گے۔