پیپلزپارٹی کی کرپشن نے سندھ کو صدیوں پیچھے دھکیل دیا ہے،شہبازگل

تازہ ترین

تازہ ترین

پیپلزپارٹی کی کرپشن نے سندھ کو صدیوں پیچھے دھکیل دیا ہے،شہبازگل
پیپلزپارٹی کی کرپشن نے سندھ کو صدیوں پیچھے دھکیل دیا ہے،شہبازگل

جیکب آباد:وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی کرپشن اور بے حسی نے سندھ کو صدیوں پیچھے دھکیل دیا ہے، جیکب آباد سول اسپتال کے وارڈز میں اندھیرے اور گندگی کی حکمرانی ہے، چھت کسی بھی وقت گر سکتی ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت صرف پریس کانفرنس اور بیانات تک محدود ہے اور وفاق پر الزامات کو کارکردگی سمجھتی ہے جب کہ وفاقی حکومت پاکستان بھر میں مالی امداد، وینٹی لیٹرز اور ضروری سامان فراہم کر رہی ہے اور وفاق کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے بہترین اقدامات کئے جارہے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے وزیراعظم کو چیلنج کیا تھا کہ سندھ کے اسپتال ملک کے بہترین اسپتال ہیں،جس پر شہباز گل نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے چیلنج کا جواب دیتے ہوئے جیکب آباد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کا دورہ کرکے وہاں ویڈیو ریکارڈ کرکے اسپتال کی حالت زار کو منظر عام پر لے آئے۔

جیکب آباد سول اسپتال کے دورے کے موقع پر ڈاکٹر شہباز گل نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ پر جاری کئے گئے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اپنی آنکھوں سے دیکھ آیا کہ سندھ کے اسپتالوں سے بہتر تو بلوچستان کے اسپتال ہیں۔

شہباز گل نے کہا کہ بلاول صاحب، جیکب آباد ڈسٹرکٹ کا سب سے بڑا اسپتال کھنڈر کا منظر پیش کر رہا ہے، یہاں کورونا تو دور کسی عام مرض کا علاج بھی ممکن نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری کے دعوؤں کے برعکس یہاں انسانوں سے جانوروں جیسا سلوک روا ہے۔

عوام گدھا گاڑی میں مریض کو اسپتال لارہے ہیں، جہاں گندگی کے ڈھیر ان کا منہ چڑھا رہے ہیں، خطرہ ہے کارڈیالوجی سینٹر کی چھت کسی لمحے سر پر نہ آن گرے۔

Related Posts