لاہور: وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے کے ایک پرائیویٹ اسکول میں طلباء کو ہراسگی کے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے حکام کو ہدایت کی ہے کہ معاملے کی تحقیقاتی رپورٹ پیش کریں۔
واقعےکا نوٹس لیتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار نے سی سی پی او لاہورکو معاملے کی صاف و شفاف انکوائری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ طلباء کی ہراستگی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انکوائری کی ہدایت کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ واقعے کے ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے گا اور طلباء کو ہر قیمت پر انصاف مہیا کیاجائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل لاہور گرامر اسکول نامی نجی اسکول میں تدریسی و غیر تدریسی عملے کے 5 افراد کو متعدد طالبات کی طرف سے جنسی ہراسگی کے الزامات پر ملازمت سے معطل کردیا گیا۔
طالبات نے مذکورہ اساتذہ پر الزام عائد کیا کہ وہ سالہا سال سے انہیں جنسی ہراسگی کا نشانہ بنا رہے تھے جبکہ ملزمان میں ایڈمنسٹریشن آفیسر اعتزاز، اکاؤنٹنٹ عمر، چوکیدار شہزاد اور کیمسٹری ٹیچر زاہد وڑائچ شامل ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر واقعے کی سخت مذمت کی گئی اور عوام الناس نے اسکول انتظامیہ کو غیر ذمہ دارانہ رویے اور ہراسگی کے ملزمان کی حمایت پر موردِ الزام ٹھہرایا۔