اسلام آباد:وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ، میڈیا یا عوامی فورم جس کا چاہو انتخاب کرو،‘پرچی چیئرمین’خوب رٹہ لگاؤ، میں مناظرے کیلئے تیار ہوں۔
وفاقی وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ ایوان میں بحث کریں تو فرزند زرداری نو دو گیارہ ہو جاتے ہیں۔ ہمت وہ کرے گا جس کا دامن جعلی کھاتوں اور ٹی ٹیز سے آلودہ نہ ہو، سامنا وہ کرے گا جس کا صوبہ گورننس میں بہتر ہو۔
انہوں نے کہا کہ فرزند زرداری نے پارٹی کیخلاف رپورٹ پڑھی لیکن یاد نہیں لکھا کیا تھا۔ بات وہ کر سکتا ہے جس کے گناہوں پر جے آئی ٹیز نہ بنی ہوں۔ مناظرہ وہ قبول کرے گا جس نے عزیر بلوچ جیسے لوگ نہ پالے ہوں اور ان کی پشت پناہی نہ کی ہو۔
مراد سعید نے کہا کہ بات وہ کرے گا جس نے جمہوری جدوجہد کے ذریعے مقام بنایا ہو۔ فرزند زرداری کا ہر لفظ ان کا تعاقب کرے گا، بھاگنے نہیں دیں گے۔ قوم کا لوٹا ہوا مال واپس کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے۔