اسلام آباد:وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کی کربلا میں عظیم قربانی مسلمانوں کیلئے ایک رہنما مثال ہے۔
یومِ عاشور کے موقعے پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی قربانی نے مسلمانوں کو سچائی کیلئے جدوجہد کے دوران اپنا سب کچھ قربان کرنا سکھایا۔
اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ کربلا کے تاریخی میدان میں سچ اور جھوٹ کے درمیان حق اور باطل کا فیصلہ ہوا جس سے یہ واضح ہوگیا کہ حقیقی کامیابی قربانی کا جذبہ ہے۔
عاشورۂ محرم پر امام حسینؓ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیرِ اعطم عمران خان نے کہا کہ امام حسینؓ نے اسلامی اقدار کی تبلیغ کیلئے اپنی ہر محبوب شے قربان کردی۔
مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں نے امام حسینؓ کی تعلیمات پر عمل کیا۔ کشمیر میں حق و باطل کی جنگ جاری ہے۔
پیغام میں وزیرِ اعظم عمران خان نے عوام سے اپیل کی کہ محرم کی مذہبی رسومات اور جلوسوں کے دوران کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس او پیز پر ضرور عمل کریں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیرِ اعظم آفس کی طرف سے جاری کردہ پیغام میں کہا گیا کہ یومِ عاشور پر میدانِ کربلا میں عظیم الشان قربانی کی بے مثال داستان رقم کی گئی۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ واقعۂ کربلا حضرت امام حسین علیہ السلام کا یومِ شہادت ہے لیکن یہ دن اسلام کی سربلندی کے ایک نئے باب کا آغاز بھی ہے اور یہ درست ہے کہ اسلام ہر کربلا کے بعد ہی زندہ ہوتا ہے۔
یومِ عاشور پر عظیم الشان قربانی کی ایک بے مثال داستان رقم کی گئی۔ واقعہِ کربلا حضرت حسین عليه السلام کا یومِ شہادت ہے، لیکن یہ دن اسلام کی سربلندی کے ایک نئے باب کا آغاز بھی ہے۔ یہ درست ہے کہ …
اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد۔ pic.twitter.com/gRAl5jhw7l
— Prime Minister's Office (@PakPMO) August 30, 2020
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ حضرت زینب رضی اللہ عنہا نے پیغامِ کربلا دُنیا کے کونے کونے میں پہنچا دیا۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ کربلا کا پیغام دنیا بھر کے ایک بڑے حصے میں بی بی زینب رضی اللہ عنہا کی وجہ سے پہنچا۔
مزید پڑھیں: حضرت زینبؓ نے پیغامِ کربلا دُنیا میں پھیلا دیا۔شیریں مزاری
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








