لاہور: گوجرانوالہ جلسے سے قبل کارکنوں کی گرفتاری کے حوالے سے مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز آج اہم پریس کانفرنس کریں گی۔
مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت جلسے میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کررہی ہے اور ہمارے کارکنوں کو بلا جواز گرفتار کیا جارہا ہے، مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کارکنوں کی گرفتاریوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے بات کریں گی۔
ن لیگ کا کہنا ہے کہ حکومت نے جلسے کے خوف سے گوجرانوالہ جانیوالے راستوں کو بند کردیا ہے اور ریلیاں روکنے کیلئے سرکاری مشینری کا استعمال کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب پولیس کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کے جلسے سے پہلے سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے وکلاء فورم نے کارکنوں کی گرفتاریوں کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کا جلسہ کل گوجرانوالہ میں ہوگا اور اس جلسے کیلئے پنجاب حکومت نے اپوزیشن جماعتوں کو کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کی شرط پر اجازت دیدی ہے۔