کراچی :پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی کے ایک بھی باشندے نے اپوزیشن کی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی حکومت مخالف ریلی میں حصہ نہیں لیا۔
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گیس ، بجلی سمیت ہر چیز کراچی کے عوام کے لئے مہنگی ہے اور ملک میں بڑھتی افراط زر کی وجہ سے وہ بے پناہ پریشانی کا شکار ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کا میٹروپولیٹن کراچی کی ترقی کے لئے 1100 ارب کا پیکیج کسی ’’ لولی پاپ ‘‘ کے سوا کچھ نہیں ہے،سندھ میں تباہی عمران خان نے نہیں پیپلزپارٹی نے کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سے کشمورتک کسی نے برا کیا ہے تووہ سندھ حکومت نے کیا ہے،عمران خان نےوعدہ کیا تھا کہ وہ پیپلزپارٹی سے سندھ کے لوگوں کی جان چھڑائیں گے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اگرسندھ میں کچھ برا ہوا ہے توسندھ حکومت نے برا کیا ہے،پیپلزپارٹی 12سال سے سندھ میں حکمرانی کررہی ہے،پیپلزپارٹی کے رہنما ایسے تقریرکررہے ہیں جیسے وہ کبھی حکومت میں نہیں رہے۔
چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ کراچی میں لسانی بنیادوں پر7 اضلاع بنائے گئے ہیں،کراچی کےعوام کی گنتی مردم شماری میں درست نہیں کی گئی،اس پرکسی نےجلسے میں بات نہیں کی،کل پی ڈی ایم جلسے میں کراچی کے مسائل پربات نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں کتوں کے کاٹنے کے بعد لگائی جانے والی ویکسین بھی دستیاب نہیں، کورونا کی وجہ سے معیشت ابھی بحال ہوئی نہیں اوربجلی مہنگی کردی گئی ہے کوئی پرسان حال نہیں ہے۔