پسماندہ علاقوں کی ترقی اوّلین ترجیح، پاکستان دُنیا کا طاقتور ملک بن جائے گا۔وزیرِ اعظم

تازہ ترین

تازہ ترین

میانوالی: وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی ہماری اوّلین ترجیح ہے جبکہ وقت گزرنے کے ساتھ پاکستان دُنیا کا طاقتور ملک بن جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق میانوالی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ریاستِ مدینہ کا بڑا اصول یہ تھا کہ وہاں ہر شہری قانون کے سامنے مساوی تھا۔ میں میانوالی کے مسائل سے اچھی طرح آگاہ ہوں۔ ہمارے علاقے میں پانی سب سے بڑا مسئلہ ہے، جبکہ حکومت عوام کے بنیادی مسائل پر کام کر رہی ہے۔ 

خطاب کے دوران وزیرِا عظم عمران خان نے کہا کہ جب کوئی بھی میرے ساتھ نہیں تھا تو اُس وقت میانوالی کے لوگ میرے ساتھ تھے۔ جب لوگ سوچتے تھے کہ میں سیاست کیسے کروں گا؟ تو میانوالی کے لوگ میرے ساتھ کھڑے ہوئے اور تحریکِ انصاف کو سب سے پہلی سیٹ میانوالی سے ملی۔

وزیرِا عظم عمران خان نے کہا کہ میں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے بات کی ہے کہ عیسیٰ خیل میں بھی سہولیات مہیا کی جائیں۔ یہاں کوئی گرلز اسکول نہیں ہے اور ضلعے میں کوئی نرسز بھی موجود نہیں ہیں۔

اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے وزیرِ اعظم  نے کہا کہ پاکستان میں غریب اور کمزور لوگ جیلوں میں ہیں اور چور آج کل لندن پہنچے ہوئے ہیں۔ مغربی ممالک میں قانون کی حکمرانی ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ وہاں خوشحالی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کفر کا نظام تو چل سکتا ہے لیکن ظلم اور ناانصافی کا نظام تادیر قائم نہیں رہ سکتا۔ قبل ازیں وزیرِ اعظم عمران خان جب میانوالی پہنچے تو وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور صوبے کی اعلیٰ قیادت نے ان کا استقبال کیا۔ 

یہ بھی پڑھیں:  اربوں کی گندم کھلے آسمان تلے بارشوں کے دوران ضائع

Related Posts