اسکردو: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام انتخابات میں پیپلزپارٹی کو کامیاب کروائیں ہم گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنائیں گے۔
خطے میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنانے کاوعدہ نیا نہیں ہے یہ پیپلزپارٹی کے 2018 کے منشور کا حصہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو اپنے مطالبات کی تکمیل کے لئے گلگت بلتستان کے تمام انتخابی حلقوں سے ہماری فتح کو یقینی بنانا ہوگا۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے سیاسی حقوق کویقینی بنائیں گے ۔
وزیر اعظم عمران خان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹونے کہا کہ اس سے قبل وزیر اعظم نے گلگت بلتستان کو آئینی صوبے کا درجہ دینے کی مخالفت کی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا اب عمران خان آپ کو صوبے کا لولی پاپ دے رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان نے ایک کروڑ ملازمتیں پیدا کرنے اور 50 لاکھ مکانات بنانے کا وعدہ بھی کیا تھا اس کے بجائے لوگوں کی ملازمتیں چھن گئیں اور لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی طرح گلگت بلتستان کے لوگوں کی خدمت کرنا چاہتے ہیں، ہم خواتین اور بچوں کے لئے اسپتال قائم کریں گے اور یہاں کے عوام کا معیار زندگی بہتر بنائیں گے۔