کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس آج دوپہر کو ہوگا، سابق صدر آصف علی زرداری بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کریں گے، اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی اجلاس میں محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کی تقریب پرہونیوالے سیاسی اجتماع اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی جائیگی ۔
اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان شرکت کرینگے اور پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے دو روز کہا تھاکہ تم مانتے ہو نہیں چل رہا تو کیوں چلے نہیں جاتے، الیکشن کرائیں، دیکھتے ہیں عوام کس کے ساتھ ہے،ان سے پاکستان چل نہیں رہااور چلے گابھی نہیں۔
محترمہ بینظیر بھٹو کی 13 ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت میں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں تھا، نیب نے بلیک میلنگ شروع کردی ہے،میں نے پہلے دن اسمبلی میں کہا ملک چلالو یا نیب چلا لو۔
آصف زرداری کاکہنا تھاکہ یہ کرکٹ ٹیم والے ہیں، ملک چلانے کیلئےاور لوگ چاہئیں، ان سے پاکستان چل نہیں رہااور یہ میرا دعویٰ ہے ان سے پاکستان نہیں چلے گا،یہ حکومت نہیں رہے گی،آپ کی حکومت آئے گی۔