بدر کمرشل اسٹریٹ پر واقع سونی سوئیٹس پر ہفتہ اور اتوار کو چھٹی کے روز شہریوں کو گرما گرم حلوہ پوری فراہم کی جاتی ہے، سونی سوئیٹس کے عملے کا کہنا ہے کہ ہم کراچی میں گزشتہ کئی سال سے حلوہ پوری فروخت کررہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ہم نے کراچی میں تب حلوہ پوری کا آغاز کیا جبکہ شہر میں بہت کم لوگ حلوہ پوری فروخت کرتے تھے۔
لانڈھی میں دہلوی سوئیٹس کو حلوہ پوری کی وجہ سے اگر علاقے کی پہچان کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، دہلوی سوئیٹس کے عملے نے بتایا کہ ہم 3 سال سے شہریوں کی مزیدار حلوہ پوری سے تواضع کررہے ہیں اور لوگ صبح صبح دور دور سے حلوہ پوری لینے کیلئے آجاتے ہیں۔
نارتھ ناظم آباد میں گزشتہ 30سال سے اپنی مزیدار حلوہ پوری کیلئے مشہور کاشف بیکرزکے عملے کا کہنا تھا کہ اکثر پوری کھانے کے بعد لوگوں کو بھاری پن محسوس ہوتا ہے لیکن ہماری پوری میں بھاری پن بالکل نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ شہری دور دور سے ہماری حلوہ پوری کھانے کیلئے آتے ہیں اور 3 دہائیوں سے ہماراذائقہ اور معیار برقرار ہے جو صارفین کی پسندیدگی کی بنیادی وجہ ہے۔