لاہور: مسلم لیگ(ن)پنجاب کے صدر راناثنا اللہ نے کھوکھر پیلس گرانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان بغض نوازشریف میں اندھے ہوچکے ہیں۔
مسلم لیگ(ن)بزدار حکومت کے ناقابل معافی جرم کو ہرگز فراموش نہیں کرے گی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اور ضلعی انتظامیہ سلطنت عمرانیہ کی آلہ کار بننے سے باز رہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون کے رکھوالے اداروں نے عدالتی احکامات کی دھجیاں اڑائی ہیں،اگر سلطنت عمرانیہ میں بنی گالہ اینڈ کمپنی کے آڈر چلنے ہیں تو عدالتوں کو تالے لگادیئے جائیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کھوکھر برادران کو نوازشریف اور مریم نواز کے ساتھ کھڑے رہنے پر ٹارگٹ کیا گیا۔عثمان بزدار عمران نیازی کے اشاروں پر چلنے کی بجائے اپنا ذہن استعمال کریں۔
کل آپ بھی اپوزیشن میں آئیں گے اور اس انجام کا سامنا کرنے کیلئے خود کو تیار رکھیں۔مسلم لیگ (ن) کا ہر رہنما اور کارکن نیازی حکومت کی فسطائیت سے گھبرانے والا نہیں۔انہیں ہر سطح پر جواب دیں گے۔