کراچی: سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کو گھر بھیجنا اس وقت بہت ضروری ہو چکا ہے، پی ڈی ایم متحد ہے حکومت پر ہر طرف سے وار کرے گی۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری منظور احمد کو ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک شدید خطرات میں ہے حکمران کوئی بڑا بلنڈر کر سکتے ہیں، حکومت کو گھر بھیجنا اس وقت بہت ضروری ہو چکا ہے، پی ڈی ایم متحد ہے، حکومت پر ہر طرف سے وار کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے 2008 کے عالمی معاشی بحران کے باوجود ایکسپورٹ 19 ارب سے 26 ارب تک بڑھائی، ملک کا ریونیو ڈبل کیا، ملازمین کی 125فیصد تنخواہیں بڑھائیں، سرکاری ملازمین کی پینشن میں 100 فیصد اضافہ کیا، لیکن اناڑی حکمرانوں نے آج ملک کے تمام اشاریے منفی کر دیئے۔
آصف زرداری نے کہا کہ میں نے پہلے کہا تھا یہ سلیکٹڈ حکمران اپنے وزن سے خود گریں گے، اب یہ گر چکے ہیں، بس اب ایک آخری دھکے کی ضرورت ہے، پی ڈی ایم کے ساتھ مل کر پیپلز پارٹی اس ناکام اور ناہل ٹولے کو گھر بھیجے گی۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ اناڑی حکمرانوں کی نااہلی سے ملک کسی بڑے حادثے کا شکار ہو سکتا ہے، حکمرانوں کو اب مزید کرونا کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے، نہ یہ ویکسین خرید سکے نہ ہی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے علاوہ یہ کورونا میں عوام کی مدد کر سکے۔