اسلام آباد: نیشنل کنٹرول اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے اعتکاف، شب قدر، نماز عید کے لیے گائیڈ لائنز جاری کردیں۔ این سی او سی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا کے مرض میں مبتلا مریض مساجد میں ہرگز اعتکاف نہ کریں اور گھروں پر رہیں۔
این سی او سی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ جہاں اعتکاف کیا جائے وہ جگہ ہوادار ہونی چاہیے۔ جگہ کو کلورین کے پانی سے صاف کیا جائے اور اعتکاف کرنے والے افراد کے درمیان کم سے کم فاصلہ دو میٹر ہونا چاہیے۔ ماسک کا استعمال لازمی کیا جائے، کورونا کی بڑھتی ہوئی وبا کے پیش نظر صرف صحت من افراد اعتکاف میں بیٹھیں۔
این سی او سی کے ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ اعتکاف کرنے والے شخص میں کورونا کی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور امام مسجد کو مطلع کریں۔ شب قدر پر بڑی تقریب کے انعقاد سے اجتناب کریں، شب قدر پر بچے، بوڑھے اور ایسے افراد جن کو کوئی بیماری ہو تو وہ شرکت نہ کریں۔
نیشنل کنٹرول اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق عید پر ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے پرہیز کریں، ماسک کا استعمال لازمی کریں، نمازیوں کے لیے آنے جانے کے لیے علیحدہ راستہ رکھا جائے، رش سے بچا جائے۔ ہاتھ صاف کرنے کے لیے سینیٹائزر مسجد کے گیٹ پر رکھے جائیں، مساجد میں تین فٹ کا فاصلہ نمازیوں کے درمیان رکھا جائے۔
علاوہ ازیں عید الفطر پر نمازی وضو گھر پر کریں، جائے نماز ساتھ لے کر آئیں، پینے کے لیے پانی گھر سے لائیں، مساجد کے کولر سے پانی کا استعمال نہ کریں۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ عوام شاپنگ مال، پارک، مارکیٹوں، رش والی جگہوں پر جانے سے اجتناب کریں، علمائے کرام تقاریر میں ایس او پیز پر عملدرآمد کی تلقین کریں۔