اسلام آباد: پاکستان کی چند اہم سیاسی شخصیات پر جنسی طور پر ہراساں کئے جانے کے الزامات لگانے والی امریکی بلاگر خاتون سینتھیا ڈی رچی وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون ڈپلومیٹک انکلیو میں واقع اپنے کمرے میں پراسرار طور پر بے ہوشی کی حالت میں پائی گئی ہیں۔
پولیس بیان کے مطابق سنتھیا رچی کو ان کے پڑوسی نے فلیٹ میں بے ہوش پایا تو وہ انہیں اسپتال لایا تھا۔ پولیس حکام اطلاع ملتے ہی اسپتال پہنچ گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ امریکی نژاد خاتون کی بے ہوشی کی وجوہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے، ڈاکٹر طبی معائنہ کر رہے ہیں، میڈیکل رپورٹ کا انتظار ہے، جس کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔
واضح رہے کہ سنتھیا ڈی رچی امریکی فلم ساز اور تجزیہ کار اور بلاگر ہیں، اور وہ 2010 سے پاکستان میں مقیم ہیں۔
5 جون کو سنتھیا رچی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے اہم رہنماؤں پر جنسی بدسلوکی کا الزام لگایا تھا، جس کے بعد انھیں میڈیا میں شہ سرخیوں میں جگہ ملی، ان رہنماؤں میں سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور پی پی رہنما مخدوم شہاب الدین شامل تھے۔
سنتھیا کا الزام تھا کہ رحمان ملک نے 2011 میں اس وقت ان سے زیادتی کی تھی جب وہ وزیر داخلہ تھے، یوسف رضا گیلانی نے ایوان صدر میں ان کے ساتھ دست درازی کی، جب کہ سابق وزیر صحت مخدوم شہباب الدین نے بھی بد سلوکی کی۔
یہ بھی پڑھیں : طالبان نے “افغانستان اسلامی امارت” کے قیام کا اعلان کردیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








