طالبان حکومت سے متعلق وزیراعظم کا بیان خوش آئند ہے، بلاول بھٹو زرداری

تازہ ترین

تازہ ترین

طالبان حکومت سے متعلق وزیراعظم کا بیان خوش آئندہ ہے، بلاول بھٹو زرداری
طالبان حکومت سے متعلق وزیراعظم کا بیان خوش آئندہ ہے، بلاول بھٹو زرداری

کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے سے متعلق وزیراعظم کا بیان حوصلہ افزاء ہے۔

طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ طالبان حکومت کے معاملے پر حکومت کو پارلیمان میں بحث کروانی چاہیے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اب تک اس اہم معاملے پر پارلیمان میں بحث نہیں کرائی گئی ہے، کیونکہ خطے کا امن افغانستان سے جڑا ہوا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ افغانستان سے متعلق فیصلہ افغان عوام کو کرنا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ افغان عوام کو ان کے حقوق دینا ہوں گے ، عالمی برادری کو افغانستان کی مدد کرنی چاہیے۔ جمہوری نظام ہی ملک میں شہری و سیاسی حقوق کی پاسداری اور متوازن معاشرے کی تشکیل کو یقینی بنا سکتا ہے، اس پر کوئی دو رائے نہیں کہ مضبوط جمہوریت اور مضبوط پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔

اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں عالمی یوم جمہوریت پر پیغام دیتے ہوئے کہا تھا کہ ملک کی سلامتی اور ترقی کی ضمانت جمہوریت ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ آئین پر من و عن عملدرآمد اور پارلیمان کے احترام کو مقدم رکھے بغیر ملک میں ایک نہیں بلکہ دو پاکستان چلتے رہیں گے، پاکستان جیسے ایک کثیرالثقافتی معاشرے میں وفاقی جمہوریت ہی واحد قابل عمل نظامِ حکومت ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا تھا کہ  سلیکٹڈ حکومت کی جانب سے ہر مخالف آواز کو دبانے اور انتقام کا نشانہ بنانے کا مقصد جمہوریت کو کمزور کرنا ہے، کٹھ پتلیوں نے ایک پاکستان میں پاکستانیوں کو دو گروہوں میں تقسیم کردیا ہے جبکہ اس ملک کو اس کے بانیان نے ایک مملکت کے طور پر قائم کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : نااہلوں کی معیشت صرف شریف خاندان کی تجوریاں بھرتی تھی، شہباز گِل

Related Posts