کابل: افغان حکومت نے طالبان کے سابق ترجمان سہیل شاہین کو اقوامِ متحدہ میں افغانستان کا مستقل مندوب نامزد کردیا ہے جس کے متعلق خط اقوامِ متحدہ کو ارسال کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق افغان وزیرِ خارجہ امیر متقی نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے نام خط لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ سہیل شاہین مستقل مندوب کی حیثیت سے اقوامِ متحدہ میں افغانستان کی نمائندگی کریں گے۔
افغان وزیرِ خارجہ امیر متقی کے جنرل سیکریٹری اقوامِ متحدہ کو تحریر کیے گئے خط میں عالمی ادارے سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ رواں ہفتے سہیل شاہین کو مستقل مندوب کی حیثیت سے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کی اجازت دی جائے۔
وزیرِ خارجہ کا اقوامِ متحدہ کے جنرل سیکریٹری کے نام خط میں کہنا ہے کہ نئی افغان حکومت سہیل شاہین کے توسط سے اقوامِ متحدہ میں اپنا مؤقف بیان کرنا چاہتی ہے۔ اقوامِ متحدہ نے افغان وزیرِ خارجہ کی درخواست 9 رکنی کمیٹی کے سپرد کردی۔
خیال رہے کہ عالمی سطح پر طالبان حکومت کیلئے راہیں ہموار ہورہی ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں جامع حکومت تشکیل نہ دی گئی تو وہاں خانہ جنگی ہوگی، پاکستان اکیلے طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کا فیصلہ نہیں کرے گا۔
وزیراعظم کا گزشتہ روز بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ طالبان کو مزید وقت دینا چاہیے، ان سے متعلق کچھ کہنا بہت جلدی ہوگا۔ طالبان ایک حقیقت کے طور پر عالمی برادری سے خود کو تسلیم کرانا چاہتے ہیں۔
مزید پڑھیں: جامع افغان حکومت تشکیل نہ دی گئی تو خانہ جنگی ہوگی، وزیر اعظم
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








