آفتاب صدیقی اور خرم شیر زمان کی کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن کے امیدواروں سے ملاقات

تازہ ترین

تازہ ترین

آفتاب صدیقی اور خرم شیر زمان کی کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن کے امیدواروں سے ملاقات
آفتاب صدیقی اور خرم شیر زمان کی کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن کے امیدواروں سے ملاقات

کراچی: رکنِ قومی اسمبلی آفتاب صدیقی اور رکنِ سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن کے امیدواروں سے ملاقات کی ہے جس میں متعلقہ وارڈز کی سرگرمیوں اور الیکشن کی تیاریوں سے آگہی دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما و رکنِ قومی اسمبلی آفتاب صدیقی اور پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن اور کراچی کنٹونمنٹ بورڈ کے امیدواروں سے ملاقات کی جس میں امیدواروں نے اپنے اپنے وارڈز کی سرگرمیوں اور الیکشن سے متعلق تیاریوں سے آگاہ کیا۔

صدر پی ٹی آئی کراچی خرم شیر زمان اور رکنِ قومی اسمبلی آفتاب صدیقی کو آگاہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی امیدوار روزانہ کی بنیاد پر گھر گھر انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ اس موقعے پر آفتاب صدیقی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے جاری کردہ ترقیاتی فنڈز سے ریکارڈ ساز ترقیاتی کام ہوئے جن کی تاریخ گواہ رہے گی۔

رکنِ قومی اسمبلی آفتاب حسین صدیقی نے کنٹونمنٹ بورڈز کے امیدواروں کو ہدایت کی کہ محنت سے کام کریں۔ ہم وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کو گھر گھر پہنچائیں گے جس کا اس سے بڑا موقع میسر نہیں آسکتا۔ کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں تحریکِ انصاف نے ہر وارڈ میں اپنا امیدوار کھڑا کیا ہے۔ جیت ان شاء اللہ پی ٹی آئی کی ہوگی۔

اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے صدر پی ٹی آئی کراچی خرم شیر زمان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پر عوام کا اعتماد پہلے سے زیادہ ہے جس کی مثال گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور سیالکوٹ میں ہونے والے انتخابات سے لی جاسکتی ہے۔ پاکستان تحریکِ انصاف ایک نظرئیے کا نام ہے جسے کوئی شکست نہیں دے سکتا۔

پی ٹی آئی رکنِ سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا کہ وفاق کی طرف سے کراچی کو گزشتہ سال سے زیادہ فنڈز ملیں گے اور شہرِ قائد کا کوئی علاقہ لاوارث نہیں رہے گا۔ کنٹونمنٹ بورڈ کا یہ الیکشن بلدیاتی و جنرل الیکشن کیلئے ریفرنڈم ہے۔ ان شاء اللہ ہم یہ انتخابات جیتیں گے اور کراچی کو مزید نکھاریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: معید یوسف کی امریکی ہم منصب سے ملاقات، افغان امن عمل میں تعاون پر اتفاق

Related Posts