کراچی:وفاقی وزیربرائے بحری امور علی زیدی نے این اے 249 میں دوبارہ ضمنی انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ پنجاب حکومت نے کورونا ویکسین خریدی ہے، سندھ حکومت کو بھی خریدنی چاہئے، 80سال سے زائد شہریوں کو گھروں پر جاکر ویکسین لگانا سندھ حکومت کا اچھا اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں سندھ حکومت کی کمزوری ہوگی ان کی نشاندہی بھی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو خالق دینا ہال کوروناویکسی نیشن سینٹر کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
قبل ازیں وفاقی وزیر نے کورونا ویکسین لگوالی اور ویکسی نیشن سینٹر پر اپنی باری کے انتظار کے لئے موجود شہریوں سے گفتگو کی اور ان سے انتظامات کے حوالے سے دریافت کیا،وفاقی وزیر نے خود بھی ویکسی نیشن سینٹر کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ایم ایس سروسز اسپتال ڈاکٹر سید فرحت عباس بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وفاقی وزیرسید علی زیدی نے خالق دینا ہال ویکسی نیشن سینٹر کے انتظاما ت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اچھے طریقے سے ویکسی نیشن جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب تک یہاں 85 ہزار سے زائد افراد کو ویکسین لگوائی جاچکی ہیں، سندھ حکومت نے کورونا کے لئے 5 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا تھا وہ کہاں اور کیسے خرچ ہوا، اگر ویکسین خریدیں تو وہ زیادہ اچھا ہے، این سی او سی نے کسی صوبے کو ویکسین خریدنے سے نہیں روکا ہے۔
علی زیدی نے کہا کہ پنجاب اور اسلام آباد میں انتظامیہ کورونا مریضوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہیں، سندھ کو بھی اس طرح کے رابطے مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے، سندھ حکومت نے مجموعی طور پر اچھا کام کیا ہے جس کی ہم تعریف کرتے ہیں اور جہاں کمزوریاں ہوگی ان کی نشاندہی کریں گے۔
پڑوسی ملک میں صورتحال انتہائی خراب ہے لیکن اللہ کا کرم ہے کہ اس کے مقابلے میں ہمارے حالات اچھے ہیں۔وفاقی وزیر اعلی زیدی نے کہا کہ مغرب اور یورپ جہاں صحت کا نظام بہت زبردست تھا وہ بھی کورونا کے وبا سے بہتر انداز میں نہیں نمٹ سکے۔
انہوں نے کہا کہ میں سب سے درخواست کرونگا کہ ایس او پیز اور سماجی دوری کو یقینی بنائیں،ویکسین کے بعد فیس ماسک کورونا سے بچنے کا بہترین اور آسان ترین ہتھیار ہے، لہذاسب فیس ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اپ اس مرض سے بچے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا احساس پروگرام بہترین پروگرام ہے اور اس سے غریبوں کی مدد کی جارہی ہے،لوگوں کی دعائیں پاکستان کے ساتھ ہیں اور دعاکا بڑا اثر ہوتا ہے،شکر ہے اللہ کا کہ ہم اتنے متاثر نہیں ہوئے ہیں جتنا پڑوسی ملک متاثر ہوا ہے۔
وفاقی وزیرعلی زیدی نے کہا کہ جس طرح سپاہی بارڈز پر جان کی بازی لگاکر ملک کی حفاظت کرتا ہے، ڈاکٹر ز اور ہیلتھ ورکرزبھی اس وبا میں اپنی جان کی بازی لگار کرمریضوں کی خدمت کررہے ہیں جس پر میں حکومت اور عوام کی جانب سے ڈاکٹر ز اور ہیلتھ ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔