کراچی: سابق صدر آصف زرداری کی طبیعت اچانک بگڑ گئی، طبیعت کی ناسازی کے باعث ان کے چیک اپ کیلئے فوری طور پر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کو بلاول ہاؤس میں طلب کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری کو بلڈ پریشر اور سینے میں تکلیف کی شکایات ہے۔ گزشتہ سال اکتوبر میں ان کی اچانک طبیعت خراب ہو گئی تھی جس کے بعد انھیں ڈاکٹروں کی ہدایت پر ہسپتال میں ایڈمٹ کرادیا گیا تھا۔
دوسری جانب یاد رہے کہ گزشتہ سال پیپلز پارٹی کے رہنما فاروق ایچ نائیک کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت کیلئے درخواست دائر کی گئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ ان کو عارضہ قلب ہے، ان کے دل میں تین سٹنٹس ڈالے جا چکے ہیں، جبکہ انہیں ’آئی سکیمک‘ نامی بیماری بھی ہے، جس میں دل کو خون اور آکسیجن کی کافی مقدار مہیا نہیں ہوتی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما فاروق ایچ نائیک کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا تھا کہ سابق صدر زرداری کو بلڈ پریشر، ذیابیطس، سنسری پیریفرل اور آٹونومک نیوروپیتھی کا مرض بھی لاحق ہے۔ اس کے علاوہ ان کو ریڑھ کی ہڈی میں بھی ایک سے زیادہ لمبر اور سرویکل سپونڈی لوسز جیسی تکالیف ہیں۔