کراچی:سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی 31 سالہ بختاور بھٹو زرداری بلاول ہاؤس کراچی میں پاکستانی نژاد دبئی کے صنعت کار محمود چوہدری کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔
بختاور بھٹو کی شادی کی تقریب میں بھٹو و زرداری خاندان اور محمود چوہدری کے رشتے دار شریک ہوئے، اس موقع پر بلاول ہاؤس میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
Happiest moment in many years to see my sister @BakhtawarBZ getting married. Felt like our mother was watching over us in this moment of joy. Wishing them both all the best of for their new life together . Masha'Allah! ❤️ pic.twitter.com/MAn9wHvp2T
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) January 29, 2021
بختاور کی شادی کی تقریبات 4 دن قبل 25 جنوری سے ان کی 31 ویں سالگرہ کے موقع پر شروع کی گئی تھیں، تقریبات کا آغاز محفل میلاد سے کیا گیا تھا۔ رسم حنا کی مرکزی تقریب 27 جنوری کو ہوئی تھی جبکہ 28 جنوری کو بھی سندھی و بلوچی رسومات کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات میں مقامی فنکاروں کو مدعو کیا گیا تھا جبکہ ان کی شادی کی اہم تقریب کل 30 جنوری کو بلاول ہاؤس میں ہوگی، جس میں 300 مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رکن اور سوشل میڈیا ٹیم میں شامل رضا دھاریجو نے بختاور بھٹو کے نکاح کی تصدیق کردی ہے، انہوں نے بتایا کہ بختاور بھٹو کے نکاح میں ان کی سہیلیوں، بھٹو خاندان کے افراد اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

بختاور بھٹو کا نکاح مولانا غلام محمد سہو نے پڑھایا۔تاہم ابھی تک پاکستان پیپلز پارٹی اور زرداری خاندان کی جانب سے بختاور بھٹو کے نکاح کی تصاویر جاری نہیں کی گئیں۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








