اسلام آباد: چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے نوٹس کو ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو نیب نے توشہ خانہ کیس میں تحقیقات کیلئے نیب آفس طلب کیا تھا۔ سابق خاتونِ اوّل نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
توشہ خانہ کیس، عمران خان اور بشریٰ بی بی نیب میں طلب
سابق خاتونِ اوّل کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی درخواست میں نیب کو بھی فریق بنایا گیا۔ درخواست میں بشریٰ بی بی نے مؤقف اختیار کیا کہ فیصلہ آنے تک نیب کو تادیبی کارروائی روکنے کا حکم دیا جائے۔
بشریٰ بی بی نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ درخواست کا فیصلہ آنے تک نیب انکوائری کو تفتیش میں تبدیل کرنے سے بھی روکے۔ عدالت سے 16 اور 17 فروری کے نوٹس غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) نے توشہ خانہ کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو منگل (21 مارچ) کو اپنی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کے لیے طلب کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم کے لیے نیب کی جانب سے یہ دوسرا کال اپ نوٹس تھا جو گزشتہ ماہ ارسال کیا گیا، جسے پہلے انہوں نے نظر انداز کردیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








