شہدادکوٹ کی یو سی 50 ميں پیپلز پارٹی اور آزاد اميدوارکےحاميوں ميں جھگڑے کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوگئے۔ واقعےکے بعد رینجرز اور پولیس کی نفری پہنچ گئی۔
خیرپور کی یو سی خانپور کے پولنگ اسٹیشن گابر میتلو ميں پيپلز پارٹی اور جی ڈی اے کے کارکن آپس میں الجھ پڑے، واقعے میں 7 افراد زخمی ہوگئے۔
کھپرو کے وارڈ نمبر 9 کے پولنگ اسٹيشن پر مبينہ جعلی ووٹ پر پی پی اور جی ڈی اے کے درمیان جھگڑا ہوا، ایک دوسرے پر پتھراؤ کے نتیجے میں کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
سکھر میں پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کے درمیان جھگڑا مسلح تصادم میں بدل گیا، فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص دم توڑ گیا۔
ٹنڈو آدم میں بھی سیاسی کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
کندھ کوٹ کے وارڈ نمبر 10 میں پيپلز پارٹی اور جے یو آئی کارکنان میں تصادم کے دوران دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر ڈنڈے برسادیے، جس کے نتیجے میں 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
پنوعاقل کے فرید مہر پولنگ اسٹیشن پر بھی پيپلز پارٹی اور جے يو آئی کارکنان ميں جھگڑا ہوگیا۔جس کے نتیجے میں جنرل کونسلر کے لئے جے یو آئی کے امیدوار غلام مصطفیٰ سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔
مورو کے پولنگ اسٹیشن منگھو خان ڈھر میں جی ڈی اے اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں جھگڑا ہوگیا۔
تھر پارکر کی یوسی تڑھمیر کے پولنگ اسٹیشن پر ووٹنگ کے دوران ارباب گروپ اور پیپلز پارٹی کے کارکن لڑ پڑے۔ دونوں طرف سے لاٹھیوں اورمکوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔
میر پور ماتھیلو کی یونین کونسل ڈانگرو میں پيپلز پارٹی اور جی ڈی اے کارکنوں ميں جھگڑا ہوگیا۔ ہاتھاہائی اور فائرنگ سے 13 افراد زخمی ہوگئے جبکہ مشتعل افراد نے جی ڈی اے امیدوار کی گاڑی کے شیشے بھی توڑ دیئے۔