مسلم لیگ کے سینیٹر اور سابق آئی جی سندھ رانا مقبول احمد کا علالت کے باعث انتقال

تازہ ترین

تازہ ترین

لاہور: سابق آئی جی سندھ اور مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر رانا مقبول احمد علالت کے باعث انتقال کر گئے ہیں جو گزشتہ 2 روز سے نجی ہسپتال میں علاج کے سلسلے میں داخل تھے۔

تفصیلات کے مطابق آج صبح لاہور کے نجی ہسپتال میں زیرِ علاج سینیٹر رانا مقبول احمد انتقال کر گئے جس کے بعد تکفین کیلئے سابق آئی جی سندھ کے بیٹے کی بیرونِ ملک سے آمد کا انتظار کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

بغاوت پر اکسانے کے کیس میں علی وزیر کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق رانا مقبول احمد کی نمازِ جنازہ بدھ یا جمعرات کے روز ادا کی جائے گی۔ رانا مقبول احمد نے سابق آئی جی سندھ کے علاوہ پنجاب میں پراسیکیوٹر جنرل کے عہدے پر بھی فرائض سرانجام دئیے۔

آج سے 5سال قبل 2018ء میں ن لیگ کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہونے والے رانا مقبول احمد سینیٹ کی کابینہ کمیٹی کے چیئرمین بھی بنائے گئے اور سینیٹر کی حیثیت سے فوجداری قوانین میں ترامیم کیلئے قابلِ قدر فرائض انجام دئیے۔

نواز شریف کے دوسرے دورِ حکومت میں رانا مقبول احمد پر سیاسی مخالفین پر تشدد اور جھوٹے کیسز کے الزامات عائد کیے گئے۔ انہیں پرویز مشرف کے دور میں بنائے گئے طیارہ سازش کیس میں نواز شریف کا شریک ملزم ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

ملک کی مشہورومعروف شخصیات نے رانا مقبول احمد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے جن میں سابق وزیر اعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب اور دیگر شامل ہیں۔ 

Related Posts