راولپنڈی:فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی کے باہر طالبات نے ان کیمپس امتحانات کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
طالبات کا کہنا تھا کہ آن لائن کلاسز لی گئی ہیں تو امتحانات بھی آن لائن لیے جائیں،ہم کسی صورت یونیورسٹی میں آکر امتحانات نہیں دیں گے۔
یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امتحانات 15 جون سے شروع ہورہے ہیں، احتجاجی طالبات کے ساتھ ماضی میں بھی اسی حوالے سے مذاکرات ہوچکے ہیں۔
ماضی میں احتجاجی طالبات نے اطمینان کا اظہار کیا تھا لیکن بیرون یونیورسٹی سے چند عناصر احتجاج کرنے کا باعث بن رہے ہیں دوران امتحان کرونا ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرایا جائے گا۔
آج طالبات کو حکومتی احکامات کو مد نظر رکھتے ہوئے بلایا تھا،لیکن طالبات نے شر پسند عناصر کے کہنے میں آکر احتجاج شروع کر دیا،ہم نے کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کو بھی بلایا تھا۔
یونیورسٹی انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ امتحانات اپنی مقررہ تاریخ 15 جون کو ان کیمپس ہی ہوں گے،اس میں کسی قسم کا کوئی ردوبدل نہیں کیا جائے گا،شرپسند اور احتجاج کرنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔